کیا کمپیوٹر تصویر کی مدد سے درست عمر کا اندازہ لگا سکتا ہے؟ حال ہی
میں سان فرانسسکو میں ہونے والی بِلڈ ڈیویلپر کانفرنس میں مائیکروسافٹ نے ایک ویب سائٹ پیش کی، جس کا دعویٰ ہے کہ وہ صرف ایک تصویر سے عمر کا اندازہ لگا سکتی ہے۔ اس ویب سائٹ کا نام ’’ہاؤ اولڈ ڈانٹ نیٹ‘‘ ہے۔
اس ویب سائٹ نے منظر عام پر آتے ہی مقبولیت کے جھنڈے گاڑھ دیے ہیں۔ حالانکہ سبھی کو اپنی عمر بخوبی پتا ہوتی ہے لیکن تجربہ کرنے کے لیے اس ویب سائٹ پر اپنی تصاویر اپ لوڈ کر کے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ اس ویب سائٹ میں مائیکروسافٹ کی فیس ریکگنیشن اے پی آئی (Microsoft’s face recognition API) کو استعمال کیا گیا ہے۔
اس ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ ہم آپ کی کوئی تصویر اپنے پاس محفوظ نہیں رکھتے، اس لیے آپ دل کھول کر جتنی چاہیں تصاویر اپ لوڈ کر کے نتائج جان سکتے ہیں۔ اس ویب سروس کو استعمال کرنا بھی بہت آسان ہے، بس اس پر جائیں اور اپنی تصویر اپ لوڈ کر دیں۔ یہ فوراً چہرے کو اسکین کر کے عمر اور جنس کا تعین کر دیتی ہے۔
اس ویب سائٹ کا نتیجہ کتنے فیصد درست ہے؟ اس بات کا انحصار آپ کی تصویر اور چہرے کی ساخت پر بھی ہے۔ اگر آپ واضح اور چہرے کی کلوز اپ تصویر اپ لوڈ نہیں کریں گے تو نتیجہ دیکھ کر آپ کی چیخیں بھی نکل سکتی ہیں۔ لیکن اپنی کوئی معصومانہ تصویر اپ لوڈ کر کے اسے چکمہ دے کر اصلی عمر سے چند سال چھوٹے ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کر کے دل کو تسلی بھی دے سکتے ہیں۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ یہ سروس تاحال زیرِ تکمیل ہے، اس کو بہتر سے بہترین بنانے کا عمل جاری ہے۔ بہرحال یہ ایک دلچسپ ویب سائٹ ہے جس سے سبھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔